جموں، 17/فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مرحوم مفتی محمد سعید کی سابقہ حکومت میں وزیر رہے پی ڈی پی ممبر اسمبلی سید الطاف بخاری کو وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے اپنی کابینہ میں شامل کرلیا ہے، انہوں نے پہلی بار اپنا کابینہ میں توسیع کی ہے۔گورنر این این ووہرا نے یہاں گورنر ہاؤس میں ایک سادہ تقریب میں بخاری کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔بخاری کو شامل کئے جانے کے ساتھ پی ڈی پی اور بی جے پی کابینہ میں وزراء کی تعداد 24ہو گئی ہے۔واضح رہے کہ ریاستی اسمبلی 70رکنی ہے، اس لیے کابینہ میں یہاں زیادہ سے زیادہ 25وزراء ہو سکتے ہیں۔سری نگر ضلع میں امیرہ کاد ل اسمبلی حلقہ سے رکن اسمبلی بخاری مفتی سعید حکومت میں وزیر تھے، لیکن ان کی بیٹی محبوبہ مفتی نے اپنے والد کے انتقال کے تین ماہ بعد گزشتہ سال وزیر اعلی بنتے وقت ان کو کابینہ میں شامل نہیں کیاتھا۔کابینہ میں ان کے شامل ہونے کے ساتھ وزیراعلیٰ سمیت پی ڈی پی کے 13وزراء،جبکہ بی جے پی کے نائب وزیر اعلی اور اتحادی رکن سجاد لون سمیت 11وزراء ہیں۔